اسلام آباد(این این آئی)پشاور موڑ دھرنا پنڈال کے اطراف میں انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی ۔ذرائع پی ٹی اے کے مطابق موبائل سروس وزارت داخلہ کی ہدایات پر معطل کی گئی ،مارچ کے شرکاء کی مختص جگہ کے اطراف میں چار کلومیٹر کے اندر انٹرنیٹ سروس بند رہی ،جی نائن ،جی ایٹ ،ایچ ایٹ اور آئی ایٹ سیکٹر کے زیادہ تر علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بند رہی ۔ ذرائع کے مطابق موبائل اور انٹرنیٹ سروس سیکورٹی وجوہات کی بنا پر بند کی گئی۔
دریں اثنا اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز نے کہاہے کہ ہم نے آزادی مارچ کے جلسے کیلئے مختص جگہ تیار کر کے ضلعی انتظامیہ کے حوالے کردی ہے۔ ایک بیان میں میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہاکہ کسی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کی گاڑیاں بھی موقع پر موجود رہیں گی۔ انہوں نے کہاکہ مارچ شرکا کے لئے واش رومز کا بھی بندوبست کر دیا گیا ہے، شرکاء کی تعداد دیکھ کر مزید واش رومز بنا دیئے جائیں گے۔