ریاض (این این آئی)سعودی وزارت خارجہ کے ایک سرکاری ذریعے نے بتایاہے کہ سعودی حکومت نے دہشت گرد تنظیم داعش کے سربراہ ابو بکر البغدادی کو شکست دینے کی کوششوں کی کامیابی پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے البغدادی کو اس کے بدترین انجام سے دوچار کرنے کا وعدہ پورا کردکھایا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ذرائع نے مزید کہا کہ سعودی حکومت اس خطرناک دہشت گرد تنظیم کے جنگجوئوں کا تعاقب جاری رکھنے کی امریکی انتظامیہ کی عظیم کاوشوں کو
سراہتی ہے۔ اس گروپ نے پوری دنیا میں اسلام اور مسلمانوں کے تشخص کو نقصان پہنچایا۔ اور اسلام کا اصل چہرہ مسخ کیا۔ یہ گروپ سعودی عرب سمیت متعدد ممالک میں بنیادی انسانی اقدار کے منافی مظالم اور جرائم کے ارتکاب کا مرتکب ہوا ہے۔ذرائع نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی حکومت دہشت گردی کا مقابلہ کرنے ، اس کے ذرائع آ مدن بند کرنے اور اس کے خطرناک مجرمانہ نظریہ کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے اتحادیوں خصوصا امریکا کے ساتھ مل کر کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔