کراچی(سی پی پی)سابق وزیر اعظم نوازشریف اور ان کے اہل خانہ نے سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز لاہور اسپتال سے رائے ونڈ میں قائم شریف میڈیکل سٹی اسپتال منتقل ہونے کا فیصلہ کر لیا۔
اہم ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے ای سی جی اوردیگرکارڈیک طبی ٹیسٹوں کی رپورٹس نارمل آئی ہیں، نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد45ہزار سے زائد ہوگئی ہے جو طبی نکتہ نگاہ سے اچھی علامات ہیں، نواز شریف کا بلڈ پریشر اور دیگر کیے جانے والے طبی ٹیسٹ کی رپورٹس پر میڈیکل بورڈکے ارکان نے اطمینان کا اظہارکیا ہے تاہم میڈیکل بورڈکے ارکان کی جانب نواز شریف کی فیملی سے کہا گیا ہے کہ وہ نوازشریف سے کم سے کم ملاقات کریں۔میڈیکل بورڈکے ارکان نے مریم نواز اور شہبازشریف سے یہ بھی کہا ہے کہ پارٹی رہنماؤں کونوازشریف سے ملاقات کی اجازت نہ دیں، میڈیکل بورڈکے ماہرین نے نواز شریف کی ہارٹ اٹیک کی علامات نارمل آنے پر بھی اطمینان کا اظہارکیا ہے تاہم نواز شریف نے امراض خون کے ماہر ڈاکٹرطاہر شمسی سے مسلسل رابطے اور نجی طور پر علاج کرانے کی یقین دہانی بھی لی ہے، نواز شریف نے میڈیکل بورڈکے تمام اراکان کا انتہائی شکریہ بھی اداکیا۔میڈیکل بورڈکے بعض اراکان سے بات چیت میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ بیرون ملک نہیں جاں گا اور اپنے ہی ملک میں علاج کو ترجیحی دوں گا۔بیماری کی تشخیص اور علاج تجویز کرنے والے ڈاکٹر طاہر شمسی لاہور سے کراچی پہنچ گئے۔