لاڑکانہ(این این آئی)شباب ملی سے اپنی سیاسی و سماجی زندگی کا آغازکرنے والے محمد علی درانی اچانک لاڑکانہ میں قیام پذیر امیر جے یو آئی (ف) سے ملاقات کیلئے پہنچے اور انہیں اہم پیغام پہنچایا۔ نجی ٹی وی کے مطابق سابق صدر پاکستان فاروق لغاری کی سربراہی میں قائم ہونے والی سیاسی جماعت ملت پارٹی
کے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے فرائض سرانجام دینے والے محمد علی درانی نے مولانا فضل الرحمان سے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک ملاقات کی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت آزادی مارچ اور اسلام آباد آمد سمیت دیگر معاملات زیر غور آئے۔مرحوم جنرل حمید گل کے قریبی سمجھے جانے والے محمد علی درانی سے جب ان کی بطور خاص لاڑکانہ آمد اور مولانا سے ملاقات کے تناظر میں ذرائع ابلاغ نے استفسار کیا تو انہوں نے حسب معمول مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ صرف سلام کرنے حاضر ہوئے تھے۔سابق صدر پاکستان جنرل پرویز مشرف کے دور میں سینیٹر اور وفاقی وزیر کے منصب پہ فائز رہنے والے محمد علی درانی سے جب پوچھا گیا کہ مولانا نے کیا مطالبات رکھے ہیں؟ تو انہوں نے کہا کہ میں تو سلام کرنے حاضر ہوا تھا۔ذرائع ابلاغ نے اس پر استفسار کیا کہ کیا مولانا نے سلام کا مثبت جواب دیا ہے؟ تو انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے جواب میں کہا ہے کہ ”وعلیکم السلام“۔ ذرائع کے مطابق سابق سینیٹر محمد علی درانی اس کے بعد واپس روانہ ہوئے۔ وہ لاڑکانہ خصوصی طور پر امیر جے یو آئی (ف) سے ملنے آئے تھے۔ مولانا نے سکھر سے کراچی جاتے ہوئے لاڑکانہ میں قیام کیا ہے۔