لاہور(این این آئی) قومی احتساب بیورو(نیب) لاہور نے سروسز ہسپتال میں زیر علاج سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی سکیورٹی بڑھانے کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کومراسلہ ارسال کر دیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل ہیں
اور طبیعت ناساز ہونے پر سروسز ہسپتال کے وی وی آئی پی وارڈ میں زیر علاج ہیں اس لئے ان کی سکیورٹی کیلئے خاطر خواہ انتظامات کئے جائیں۔اس سلسلہ میں وی وی آئی پی وارڈ کے روم نمبر ون کے استقبالیہ پر سکیورٹی کیمرے نصب کئے جائیں اس کے علاوہ جس علاقہ میں وارڈ ہے اس کے خارجی اور داخلی راستوں پرمکمل سکیورٹی لگائے جائے اور سکیورٹی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے۔دریں اثناء دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس میں خطرناک حد تک کمی ہوئی ہے،نواز شریف کی صحتیابی کے لیے دعا ؤں کی ضرورت ہے۔ سروسز ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے مل کر آیا ہوں،نواز شریف کی صحتیابی کے لیے دعا ؤکی ضرورت ہے۔پلیٹ لیٹس کی تعداد میں خطرناک حد تک کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریض کی اہل خانہ سے بات ہونی چاہیے۔