اسلام آباد (این این آئی)وفاقی کابینہ نے کرتارپور راہداری کے حوالے سے پاک بھارت معاہدے،بی او ٹی کی بنیاد پر پاک فوج کیلئے سولر پاور پراجیکٹ،،کم لاگت گھروں کی تعمیر کیلئے بلاسودقرضوں، ٹی وی او کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اورایڈورٹائزمنٹ ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دیدی ہے،وزیراعظم 9نومبر کو کرتارپور راہداری کا افتتاح کریں گے جبکہ معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو گھر سے
مرغن غذائیں بھیجی جا رہی ہیں، جس سے صحت متاثر ہوئی، اپوزیشن بغض میں نوازشریف کی بیماری پر سیاست کررہی ہے،وزیراعظم عمران خان کرپشن کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں،پیپلز پارٹی ضمنی انتخاب میں اپنے مسکن میں ہارنے کے باوجود نئے انتخابات کا مطالبہ کر رہی ہے،اپوزیشن قانون سازی اور پارلیمنٹ میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔منگل کومعاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وفاقی وزیرقانون فروغ نسیم کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ د یتے ہوئے کہاکہ کابینہ کا انتہائی اہم اجلاس ہوا،اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے،کابینہ اجلاس کا 14نکاتی ایجنڈا تھا۔ انہوں نے کہاکہ تمام وزارتوں کو عام آدمی کی زندگی میں بہتری کیلئے اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ انہکوں نے کہاکہ اقدامات کا مقصد حکومتی اداروں کے ذریعے لوگوں کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنا ہے،وزارت مواصلات 35ہزار نوجوانوں کو انٹرن شپ دے گی۔فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ اے سی آر کے وقت ملازم کے عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے کے اقدام کو بھی دیکھا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ انسداد منشیات کیلئے’زندگی آپ کے نام‘سے ایپ متعارف کرائی جارہی ہے۔معاون خصوصی نے کہاکہ خسارے اور مہنگائی میں کمی کے لیے اقدامات کو ایجنڈا نمبر ایک رکھا گیا۔ انہوں نے کہاکہ مہنگائی پر کنٹرول کے لیے اسلام آباد میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے،منڈیوں میں مڈل مین کے خاتمے کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ کابینہ نے بی او ٹی کی بنیاد پر
پاک فوج کیلئے سولر پاور پراجیکٹ کی منظوری دی،کم لاگت گھروں کی تعمیر کیلئے بلاسودقرضوں کی منظوری دی گئی،کم لاگت گھروں کیلئے ایک لاکھ سے10لاکھ روپے تک قرض دیا جائیگا۔معاون خصوصی نے کہاکہ بلاسود قرضہ سکیم سے 5سے10لاکھ افراد مستفید ہوں گے،بلا سود قرضوں کی واپسی کیلئے ایک سے 4سال تک وقت رکھا گیا ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ٹی وی او کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ ایڈورٹائزمنٹ ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔
انہوں نے کہاکہ کرتارپور راہداری کے حوالے سے پاکستان اور بھارت معاہدے کی منظوری دی گئی۔ انہوں نے بتایاکہ وزیراعظم 9نومبر کو کرتارپور راہداری کا افتتاح کریں گے۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف کی ہسپتال منتقلی کے وقت احتجاجی مظاہرے کیے گئے،اپوزیشن نے بغض میں نواز شریف کی بیماری پر سیاست کی،نواز شریف کو گھر سے مرغن غذائیں بھیجی جا رہی ہیں، جس سے صحت متاثر ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کرپشن کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ پیپلز پارٹی ضمنی انتخاب میں اپنے مسکن میں ہارنے کے باوجود نئے انتخابات کا مطالبہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن قانون سازی اور پارلیمنٹ میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون فروغ نسیم نے کہاکہ کابینہ اجلاس میں مفاد عامہ کے 8قوانین کی منظوری دی گئی،قوانین تیز تر انصاف کی فراہمی سے متعلق ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کا وعدہ ہے کہ انصاف کا تیز ترین حصول یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ
نئے قوانین کے اطلاق کیلئے میڈیا کا تعاون درکار ہو گا۔انہوں نے کہاکہ پرانے قوانین کے تحت صرف مقدمہ دائر کرنے میں ہی عرصہ لگ جاتا ہے۔فروغ نسیم نے کہاکہ مقدمات جلد نمٹانے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے وقت کی نمایاں بچت ہو گی۔وزیر قانون فروغ نسیم نے کہاکہ مقدمات میں جدید طریقہ کار کے استعمال سے بدعنوانی میں کمی آئے گی۔وزیر قانون نے کہاکہ مقدمات میں دوسری اپیل کو ختم کیا جا رہا ہے،وراثتی اور دیگر سرٹیفکیٹس کے اجراء کو 15سے 20دن تک محدود کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ خواتین سے متعلق مقدمات میں ان کی دادرسی کی جائے گی،انہوں نے کہاکہ خواتین کی وراثتی جائیداد سے متعلق مقدمات بھی جلد نمٹائے جائیں گے۔