راولپنڈی (این این آئی)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کی جانب سے آزاد کشمیر میں 3 مبینہ کیمپوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ مایوس کن ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہا کہ بھارتی آرمی چیف ایک ذمہ دار عہدہ رکھتے ہیں، ان کی جانب سے آزاد کشمیر میں 3 مبینہ کیمپوں کو تباہ کرنے سے متعلق دعویٰ مایوس کن ہے وہاں نشانہ
بنانے کے لیے کوئی کیمپ ہی نہیں ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان میں موجود بھارتی سفارت خانے کو دعوت دیتے ہیں کہ کسی بھی غیر ملکی سفارت کار اور میڈیا کے نمائندے کے ساتھ دورہ کرکے اس دعوے کو ثابت کرکے دکھائے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی فوجی قیادت پلوامہ واقعے کے بعد سے جھوٹے دعوے کررہی ہے جو خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے، بھارتی فوج کی جانب سے ایسے جھوٹے دعوے اندرونی مفادات کی خاطر کیے جارہے ہیں جو پیشہ ورانہ فوجی اخلاقیات کے خلاف ہیں۔