بہاولنگر(این این آئی) بہاولنگر انسانیت سوز واقعہ۔دل دہلا دینے والے واقعہ میں بھائیوں نے رقم کے تنازعہ پر اپنے حقیقی بھائی کی آنکھیں نکال کر زبان بھی تیز دھار آلہ سے کاٹ دی۔جلاد صفت بھائیوں نے اپنے حقیقی بھائی پر انسانیت سوز بہیمانہ تشدد کی انتہاء کر دی پولیس نے مقدمہ درج کر کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق بہاولنگر کے نواحی گاؤں سکھ رام پورہ تھانہ صدر بہاولنگر کی حدود میں ذوالفقار نامی شخص پر اسکے حقیقی بھائیوں نے بہیمانہ تشدد کرتے ہوئے تیز دھار آلہ سے اسکی زبان کاٹ دی اور پیچکس کے زریعے
اسکی دونوں آنکھیں بھی ضائع کر کے موقع سے فرار ہو گئے متاثرہ شخص کو شدید زخمی حالت میں ڈسٹر کٹ ہسپتال بہاولنگر منتقل کر دیا گیا ڈاکٹرز کے مطابق مضروب کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔مضروب کا اپنے بھائیوں کے ساتھ زرعی زمین کے ٹھیکہ کی رقم کا تنازعہ چل رہا تھا۔پولیس تھانہ صدر بہاولنگرنے ڈی پی او بہاولنگر محمد انور کھیتران کی ہدایت پر مضروب کی بیوی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ذوالفقار کے دو حقیقی بھائی سرفراز اور گلاب علی کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ تیسرا بھائی ملزم احمد شجاع تا حال فرار ہے۔