مظفر آباد / راولپنڈی (این این آئی)بھارتی افواج نے ایک بار پھر ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک سپاہی اور تین شہری شہید اور پاک فوج کے دو جوان اور پانچ شہری زخمی ہوگئے ، پاک فوج کی موثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں 9بھارتی فوجی مارے گئے۔
کئی زخمی اور دو بھارتی بنکرز تباہ ہوگئے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق بھارتی افواج نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جوڑا، شاہکوٹ اور نوشیری میں بلا اشتعال فائرنگ کر دی ، بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا ۔ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک سپاہی اور تین شہری شہید ، پاک فوج کے دوجوان اور پانچ شہری زخمی ہوگئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے موثر جوابی کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں 9 بھارتی فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے موثر جواب سے دو بھارتی بنکرز تباہ ہوگئے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہاکہ بھارت مبینہ کیمپوں کے جعلی دعوئوں میں جان ڈالنے کیلئے معصوم شہریوں کو نشانہ بنارہا ہے۔ انہوںنے بتایاکہ بھارتی بلا اشتعال کارروائی کے باعث زخمی ہونے والوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین برائے بھارت و پاکستان اور مقامی و غیر ملکی میڈیا نمائندگان کو آزاد کشمیر میں مکمل رسائی حاصل ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں انہیں یہ آزادی حاصل نہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق اقوام متحدہ کے مبصر مشن کے اراکین، عالمی و ملکی میڈیا ازاد کشمیر جا کر صورتحال کا جائزہ لے سکتا ہے۔
میجر جنرل آصف غفور نے کہاکہ بھارتی فوج کو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا ہمیشہ بھرپور جواب ملے گا۔ پاک فوج لائن آف کنٹرول کے ساتھ وہاں آباد شہریوں کی مکمل حفاظت کرے گی اور بھارتی فوج کو اپنے اقدام پر بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی اپنے ہلاک اورزخمی فوجیوں کواٹھانے کی کوششیں کرتے ہوئے سفیدجھنڈالہرادیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کواشتعال انگیزیوں سے پہلے یہ سوچناچاہئے تھا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارت کوفوجی آداب کاخیال رکھتے ہوئے شہری آبادی کونشانہ نہیں بناناچاہیے تھا۔