اسلام آباد(صباح نیوز) سی پیک منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ، سی پیک کے مغربی روٹ پر کام تیز کرنے کا فیصلہ ، منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل پرسی پیک جوائنٹ ورکنگ گروپ کا اعلی سطح کا چینی وفد پاکستان پہنچا۔ وفاقی وزیر مراد سعید سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ منصوبے پر وزارت مواصلات نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید سے ملاقات کے دوران سی پیک منصوبے کے دوسرےمرحلے
میں مغربی روٹ پر کام تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ملاقات میں ٹرانسپورٹ انفرا اسٹرکچر کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ کی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے دوسرے مرحلے میں مغربی روٹ پر 12سو 70کلو میٹر کی شاہراہیں تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ گلگت سے چترال اور ڈیرہ غازی خان سے ژوب تک شاہراہیں تعمیر ہوں گی۔ پشاور تا ڈیرہ ، سوات ایکسپریس وے فیز 2 سمیت قراقرم ہائی وے پرکام ہوگا۔