دبئی (این این آئی)متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ انورقرقاش نے کہا کہ ہمارا پہلا ہدف یمن کو متحد اور مضبوط بنانے کی سعودی عرب کی کوششوں کو کامیاب کرنا ہے۔ امارات سعودی عرب کے ساتھ مل کر یمنی قوتوں کو متحد کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا ہے کہ یمنی حکومت کے کچھ عہدیداروں کی طرف سے مسائل پیدا کرنے کے جواب میں امارات نے تحمل اور برد باری سے کام لیا ہے جو ہمارے موقف کی پختگی اور مقصد میں دلچسپی کا گہرا ثبوت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کو بعض یمنی عہدیداروں کی طرف سے الزام تراشی اور بہتان ترازی سے کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔ہمارا پہلا مقصد سعودی عرب کی طرف سے یمنی قوتوں کی صفوں کو متحد اور مضبوط کرنے کی کوششوں کو کامیاب بنانا ہے۔ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب یمن میں آئینی حکومت کی رٹ کی بحالی کے کوششیں جاری رکھیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی اور جنوبی عبوری کونسل کے مابین اس تعطل کو ختم کرنے کے لیے ایک ماہ سے بات چیت کر رہا ہے۔منگل کو جنوبی عبوری کونسل کے نائب صدر ہانی بن بریک نے جدہ میں ہونے والے مذاکرات کو خطے میں ایرانی منصوبے کے خاتمے کے لیے کی جانے والی مساعی کا حصہ قرار دیا اور اس کہا عبوری کونسل اور حکومت میں مذاکرات کی کامیابی سے یمن میں ایرانی مداخلت کی روک تھام میں مدد ملے گی۔اپنیٹویٹر اکائونٹ پرپوسٹ کردہ ایک بیان میں مسٹر بریک کا کہنا تھا کہ ہم سعودی عرب کے ساتھ مل کر یمن میں ایرانی منصوبے کو ناکامی سے دوچار کریں گے۔