اسلام آباد(آن لائن)زلزلہ سانحہ 8اکتوبر 2005ء کے شہداء کی برسی( کل) 8اکتوبرمنگل کومنائی جائے گی اور قدرتی سانحات سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کے عزم کا اظہار کیا جائے گا۔ 8اکتوبر 2005ء کی صبح ساڑھے 8 بجے شدید زلزلے سے آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے علاقوں کو بڑا نقصان پہنچا تھا۔زلزلے کا مرکز اسلام آباد کے شمال اور شمال مشرقی جانب 65 میل دور واقع تھا۔
اور زلزلہ سے 86 ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور 69 ہزار زخمی ہوئے۔زلزلہ متاثرین کی یاد میں سرکاری اور نجی سطح پر تقاریب کا اہتمام ہو گا اور قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا اور جاں بحق افراد کیلئے فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا جائے گا۔ زلزلے سے لاکھوں مکانات مکمل اور جزوی طور پر تباہ ہوئے۔ سکول، سرکاری و نجی عمارتیں، پل، سڑکیں تباہ ہوئیں ۔