کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے سری لنکا کو تیسرے ون ڈے میں شکست دے کر سیریز بھی اپنے نام کر لی، پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا جبکہ دوسرے اور تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی، تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کی اور 297 رنز بنائے، اس طرح سری لنکا نے پاکستان کو جیتنے کے لیے 298 کا ٹارگٹ دیا جو پاکستان نے 49 ویں اوور میں پورا کر لیا، سری لنکا کی جانب سے گوناتھیکلے کی سنچری رائیگاں گئیں، پاکستان کے محمد عامر نے تین سری لنکن کھلاڑیوں
کا شکار کیا، پاکستان کی جانب سے فخر زمان، عابد علی، حارث سہیل نے ففٹیاں بنائیں، عابد علی کو شاندار بیٹنگ کرنے پر مین آف دی میچ اور بابراعظم کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔ عابد علی نے جارحانہ کھیلتے ہوئے 67 گیندوں پر 74 رنز بنائے۔ بابر اعظم نے 26 گیندوں پر 31 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 2 چوکے شامل تھے، فخر زمان نے 91 گیندوں پر 76 رنز بنائے۔ کپتان سرفراز احمد 33 گیندوں پر صرف 22 رنز ہی بنا پائے۔ حارث سہیل نے 50 گیندوں پر 56 رنز بنائے اور جے سوریا کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔