ٹوکیو(این این آئی)ہوائی جہاز کے سفر سے ویسے ہی کچھ لوگ کافی خوفزدہ رہتے ہیں، اس کے بعد جب ایک طویل فلائٹ میں سکون کی تمنا رکھنے والے افراد کو دوسرے مسافروں کے باعث پریشانی کا سامنا رہے تو یہ سفر کافی ناخوشگوار ثابت ہوگا۔کئی مرتبہ لوگ ہوائی جہاز کے سفر میں بچوں کے رونے کی آواز سے بھی پریشان ہونے کی شکایت کرتے ہیں، لیکن اب اس مسئلے سے بچنے کے لیے بھی ایک حل سامنے آگیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق جاپان ائیرلائنز نے اپنی پروازوں کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کردیا جس میں ایک نقشہ دیا گیا ہے جسے دیکھ کر مسافروں کو اس بات کا
اندازہ ہوجائے گا کہ ہوائی جہاز میں بچے کہاں بیٹھنے والے ہیں۔فلائٹ کے دوران جس بھی نشست پر بچہ موجود ہوگا، فیچر میں موجود نقشے میں اس جگہ پر بچے کا ایک ایموٹیکن سامنے آجائے گا، جس کی مدد سے مسافروں کو اپنی پسند کی سیٹ لینے میں آسانی ہوگی۔جاپان ایئرلائنز کی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ ہہر مسافر کو معلوم ہونا چاہیے کہ بچہ کس جگہ بیٹھنے والا ہے۔البتہ ایئرلائن نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ یہ فیچر 100 فیصد صحیح نہیں ہوسکتا، کیوں کہ اگر کسی مسافر نے ٹکٹ کسی اور کے ذریعے خریدہ یا پھر آخری موقع پر خریدہ تو فیچر میں بچے کا آئکن نظر نہیں آئے گا۔