لاہور(این این آئی) شہباز فیملی کے خلاف وعدہ معاف گواہوں کی ضمانت کی درخواستیں منظور کرلی گئیں۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹش علی باقر نجفی اور جسٹس سردار احمد نعیم پر مشتمل بنچ نے آفتاب محمود اور شاہد رفیق کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے دس، دس لاکھ کے دو، دو ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیدیا۔درخواست گزاروں نے موقف اپنایا کہ شہباز شریف اور ان کے اہل خانہ کی
کرپشن سے متعلق وعدہ معاف گواہ بن کر بیانات ریکارڈ کروا دئیے ہیں۔ حمزہ شہباز سمیت دیگر کی کرپشن میں سہولت کار کا کردار ادا کیا۔عثمان انٹرنیشنل نامی کمپنی سے رقوم شریف فیملی کے اراکین کو منتقل کیں۔برطانیہ سمیت دیگر ممالک کے جعلی افراد کے نام پر کالا دھن سفید کیا۔کرپشن سے متعلق بیان ریکارڈ کرانے پر جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے،استدعا ہے کہ درخواست ضمانت منظور کی جائے۔