کابل(آن لائن) افغانستان کے صوبے قندھار کے جنوبی علاقے میں سڑک کنارے نصب بم کے دھماکے سے 2 بچے ہلاک اور 5 شہری زحمی ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق تاحال کسی بھی جانب سے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔علاوہ ازیں افغانستان کے صوبے پروان کے شمالی علاقے میں غیر استعمال شدہ بم بچوں کے کھیلتے وقت پھٹ گیا جس کے نتیجے میں ایک حاملہ خاتون ہلاک ہوگئیں۔مقامی ہسپتال کے سربراہ
قاسم سنگن کا کہنا تھا کہ دھماکے میں 7 بچے اور 2 خاتون زخمی بھی ہوئیں جبکہ ایک بچے کی حالت نازک ہے۔پروان کے پولیس حکام نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ غیر استعمال شدہ بم کافی پرانہ تھا۔واضح رہے کہ افغانستان میں 4 دہائیوں سے ہونے والی جنگوں کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں غیر استعمال شدہ بارودی سرنگیں، آرٹلری شیل، بم اور دیگر گولہ بارود موجود ہے۔