اسلا م آباد (این این آئی)ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بنک جمیل احمد نے کہا ہے کہ مہنگائی کی صورتحال آئندہ دو سال تک ایسی ہی رہے گی۔یہ انکشاف انہوں نے عائشہ غوث بخش پاشا کی زیر صدارت ہونے والی قومی اسمبلی کی خزانہ بارے ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں کیا۔
اجلاس میں اسٹیٹ بنک کی جانب سے حکومت کو قرض دینے اور مہنگائی پر بریفنگ دی گئی جس میں مزید تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بنک حکام نے بتایاکہ جن شعبوں کو تحفظ دیا جانا ہے انہیں مراعات دے رہے ہیں۔بنک حکام کا کہنا تھا کہ صارفین کے لیے مہنگائی کی وجہ سے ابھی مشکلات ہیں مگر معیشت بہتر ہونے سے صورتحال بہتر ہو جائے گی۔کمیٹی کی چیئر پرسن عائشہ غوث بخش پاشا کا کہنا تھا کہ کرنسی کا گرنا معیشت کے لیے باعث تشویش ہے جس پر اسٹیٹ بنک حکام نے بتایا کہ تین ماہ میں روپیہ مستحکم ہوا ہے۔اسٹیٹ بنک حکام کے جواب پر عائشہ غوث بخش نے استفسار کیا کہ کیا آئی ایم ایف کے کہنے پر روپیہ کی قیمت کم کی جارہی ہے؟اس سوال کے جواب میں مرکزی بنک کے حکام کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے ہمیں روپیہ ایک خاص حد تک گرانے کا کوئی ہدف نہیں دیا۔اسٹیٹ بنک حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ تین ماہ میں مارکیٹ نے پرفارم کرنا شروع کردیا ہے مگر کرنٹ اکاؤنٹ کو متوازن رکھنے کے لیے اس سال فنانس کرنا پڑیگا، حکومت نے بعض اہم فیصلے کیے ہیں جن سے حالات میں بہتری آئی ہے۔