صنعاء (این این آئی)یمن میں حجہ صوبے کے مختلف علاقوں میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر یمنی فوج کی گولہ باری اور اتحادی طیاروں کی بم باری کے نتیجے میں 36باغی ملیشیا کے ارکان ہلاک اوردرجنوں زخمی ہو گئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق
یمنی مسلح افواج کے میڈیا سینٹر کے ایک بیان میں کہاگیاکہ اتحادی طیاروں نے عبس ضلع کے شمال میں عزلہ بنی حسن کے علاقے میں حوثیوں کے جتھوں کو نشانہ بنایا۔ اس دوران 36باغی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے اور درجنوں زخمی ہو گئے۔بیان میں عسکری ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ یمنی فوج کی توپوں نے گولہ باری سے حیران ضلع کے مشرق میں حوثی عناصر کی گاڑیوں اور لڑائی کے ساز و سامان کو تباہ کر دیا۔اس سے ایک روز قبل حجہ صوبے میں حیران، عبس اور حرض کے مختلف محاذوں پر حوثی ملیشیا کے حملے کو پسپا بنا دیا گیا۔ کارروائی میں حوثی باغی ملیشیا کے درجنوں ارکان مارے گئے تھے۔ زمینی ذرائع کے مطابق یمنی فوج نے ملیشیا کے ارکان کو پیچھے لوٹ کر فرار ہو جانے پر مجبور کر دیا۔یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کے طیاروں نے حرض ضلع میں کئی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جہاں حوثی ملیشیا کے ارکان موجود تھے۔ اس دوران عبس اور حرض کے مختلف مقامات پر باغیوں کا گولہ بارود، راکٹ لانچرز اور ہتھیاروں کے ڈپو تباہ کر دیے گئے۔