اسلام آباد(آن لائن)رواں مالی سال 2019-20ء کے ابتدائی 2 ماہ جولائی اور اگست کے دوران کاروں کی فروخت میں 41.3 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے اور اس دوران 20 ہزار 94 یونٹس فروخت کئے گئے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران کاروں کی فروخت 34 ہزار
264 یونٹس رہی تھی۔ پاکستان آٹو موٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن ( پاما) کے اعداد وشمار کے مطابق اگست 2019ء کے دوران کاروں کی فروخت9 ہزار 126 یونٹس تک کم ہو گئی جبکہ اگست 2018ء کے دوران 15 ہزار 389 کاریں فروخت کی گئی تھیں۔اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال میں کاریں تیار کرنے والی تینوں بڑی کمپنیوں سوزوکی، ہنڈا اور ٹویوٹا کی فروخت میں نمایاں کمی کا رجحان رہا ہے اور جولائی واگست 2019ء کے دوران سوزوکی ویگن آر کی فروخت میں 71.5 فیصد کی سب سے زیادہ کمی واقع ہوئی ہے۔اسی طرح ہنڈا کی تیاری کردہ سوک اور سٹی کاروں کی فروخت گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 68 فیصد تک کم ہو گئی۔پاما کے مطابق ٹویوٹا کرولا کی فروخت میں بھی 57.7 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ بی ایم اے کیپیٹل کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال 2019-20ء کی دوسری سہ ماہی کے دوران بھی کاروں کی فروخت میں کمی کا خدشہ ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے اختتام تک اندرون ملک تیار کی گئی کاروں کی فروخت میں 15 فیصد تک کی کمی کا امکان ہے۔