مٹھی(این این آئی) تھرپارکر کے علاقے ننگرپارکر اور نواح میں موسلا دھار بارش کے نتیجے میں آسمانی بجلی گرنے سے رینجرز اہلکار شہید، ایک زخمی اور خاتون ہلاک ہو گئی۔تھرپارکر کے شہر ننگرپارکر اور نواح میں ہفتے کو تیز بارش ہوئی، پہاڑوں سے پانی آنے سے ندی نالے بھر گئے۔ بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے 2 واقعات پیش آئے۔چھاچھرو تحصیل کے نواحی گاؤں کونبھے کی ڈھانی میں آسمانی بجلی گرنے سے 40 سالہ
شادی شدہ خاتون حاجراں میگھواڑ ہلاک ہوگئی۔دوسری جانب ننگرپارکر کے بارڈر کے علاقے کی رینجرز چیک پوسٹ گوندی کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے رینجرز اہلکار 30 سالہ ثاقب جاوید شہید جبکہ سکندر علی زخمی ہوگیا۔ شہید اہلکار کا تعلق جہلم اور زخمی کا صادق آباد سے ہے۔ لاش اور زخمی جوان کو ننگرپارکر تعلقہ ہسپتال پہنچایا گیا جہاں پر زخمی کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ اہلکار کا جسد خاکی آبائی گاؤں روانہ کر دیا گیا۔