لاہور(آن لائن) آئی جی پنجاب کے دفتر شکایت لے کر آنے والی بزرگ خاتون سے بدسلوکی کرنیوالے پنجاب پولیس کے اے ایس آئی آصف کومعطل کر کے گرفتارکر لیا گیا۔ پولیس اہلکار کی بزرگ خاتون سے بد تمیزی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس پر آئی جی پنجاب نے نوٹس لے کر اہلکار کی معطلی اور گرفتاری کے احکامات جاری کئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کے روز لاہور میں سینٹرل پولیس آفس کے باہر بزرگ خاتون سے بدسلوکی کرنے والے پولیس اہلکار کو گرفتار کرکے نوکری سے معطل کر دیا گیا۔سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کر رہی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پنجاب پولیس کا ایک اہلکار آئی جی پنجاب کے پاس دادرسی کے لییآنے والی ایک معمر خاتون سے بدسلوکی کر رہا ہے۔اس دوران مذکورہ پولیس اہلکار کو خاتون پر چیختے اور ان کی چھڑی اٹھا کر دور پھینکتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔گرفتار اہلکار کو تھانہ پرانی انار کلی حوالات میں بند کر دیا گیا۔مذکورہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں شہری پنجاب حکومت اور وہاں کی پولیس کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب عارف نواز کے مطابق شہریوں سے بدسلوکی کو برداشت نہیں کیا جاسکتا، بزرگ خاتون سے بدسلوکی کرنیوالے اے ایس آئی آصف کو معطل کر کے گرفتار کر لیا گیا۔گرفتار اے ایس آئی آصف کا تعلق پنجاب کانسٹیبلری سے ہے۔گزشتہ دنوں پنجاب پولیس کی حراست میں گجرانولہ کے رہائشی صلاح الدین کی پولیس حراست میں ہلاکت اور اس پر مبینہ پولیس تشدد کی تصاویر اور ویڈیو سامنے آنے کی وجہ سے پنجاب حکومت اور پولیس کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔