اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک نوجوان لڑکی کی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ انصاف کی اپیل کر رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ ویڈیو نازو شنواری کی ہے۔ اس ویڈیو میں نوجوان لڑکی کا کہنا تھا کہ میں مبین خان اور سمیرا صفدر کی بیٹی ہوں۔ جو لوگ مجھے ٹویٹر کے ذریعے جانتے ہیں ان کو میرے ساتھ ہونے والے معاملے کا علم ہے۔
جن کو علم نہیں ہے ان کو میں بتا دوں کہ میرے چچا اور ان کے خاندان اور میرے سوتیلے بھائیوں نے میرے والدین کا قتل کر دیا۔ اس کی وجہ جائیداد کی لالچ تھی۔ یہ وہ جائیداد تھی جو میرے والد نے میری امی کے نام کر دی تھی۔ جن پر ان کا کوئی حق نہیں بنتا تھا۔ انہوں نے پہلے میرے والد کا قتل کیا ، انہوں نے سوچا کہ وہ ہمیں ڈرا دھمکا پر پراپرٹی اپنے نام کر والیں گے لیکن ایسا نہیں ہوا، میری امی نے بہادری سے ان کا مقابلہ کیا ، انہوں نے میرے والد کے قتل کی ایف آئی آر کے اندراج سے لے کر جائیداد کے معاملے تک خاصی ہمت سے کام لیا جس کے بعد انہیں بھی قتل کروادیا گیا۔نازو شنواری نے بتایا کہ اس دوران انہوں نے میری والدہ کو ایک جعلی کیس میں پشاور بلانے کی کوشش بھی کی۔ میری والدہ کیس کی سماعت کے لیے پشاور گئیں تو ان پر بھی قاتلانہ حملہ کر دیا گیا۔ جب میری والدہ اس سب سے نمٹ رہی تھیں تو میری والدہ نے ایس ایس پی، آر پی او ، ڈی پی او، سی پی او ، چیف جسٹس، وزیراعلیٰ،وزیراعظم اور سٹیزن پورٹل سمیت ہر جگہ پر درخواستیں لکھیں کہ ہمیں تحفظ چاہئے ، ہماری جائیداد کے لیے ہمیں تحفظ چاہئے لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی، کسی نے دھیان نہیں دیا ، اگر دھیان دے دیا ہوتا تو میری امی آج زندہ ہوتیں۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے ۔