لاہور(این این آئی) وزیر اعظم عمران خان کے قریبی افراد کے 300ارب کے قرضے معاف کرنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کروادی گئی ۔ مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی سمیرا کومل کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہاگیا کہ حکومت کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کے قریبی افراد کے 300ارب کے قرضے معاف کرنا انتہائی قابل مذمت ہے۔بہت سے نادہندگان کیخلاف ایف آئی اے میں کیس چل رہے ہیں۔حکومت کی جانب سے چند افراد کے 300ارب کے
قرضے معاف کرنا قوم کے ساتھ مذاق ہے۔پاکستان معاشی طور پر دیوالیہ ہو رہا ہے اور حکومت اپنے چہتوں کے قرضے معاف کررہی ہے۔پاکستان میں ترقی و خوشحال کی بنیاد رکھنے والے جیل میں ہیں۔قومی بینکوں سے اربوں کے قرضے لینے والوں کو وزیر اعظم عمران خان نے این آر او دے دیا ہے۔ قرار داد میں سپریم کورٹ سے مطالبہکیا گیا کہ حکومت کے من پسند افراد کے قرضے معاف کرنے کا نوٹس لیا جائے۔سپریم کورٹ حکومت کے اس غیر آئینی فیصلے کو کالعدم قراردے۔