اسلام آباد (این این آئی)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ اکتوبر کے مہینے میں باہر نکل کر عوام اس سلیکٹیڈ حکومت کو انکا آئینہ دیکھائیگی،تاجر، وکلا، مزدور سمیت کوئی بھی شخص اس نا اہل حکومت سے خوش نہیں۔
اتوار کو یہاں امیر جمعیت علمائے اسلام (ف)مولانا فضل الرحمن کی صدارت میں جے یو آئی پنجاب کی عاملہ کا اہم اجلاس ہوا جس میں جے یوآئی پنجاب کی عاملہ کے اراکین نے شرکت کی۔اجلاس میں مسئلہ کشمیر کے بعد خطہ میں پیدا ہونے والی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں اسلام آباد لاک ڈاؤن پر صوبائی جماعت کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔مولانا فضل الرحمن نے صوبائی عاملہ کے اراکین کو پنجاب کے تمام اضلاع کے دورے کرنے کی ہدایت کی۔ جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے ہدایت کی کہ سلیکٹیڈ حکومت کے خلاف اکتوبر میں ہونے والے دھرنے میں کارکنان کو تیاری کے ساتھ آنے کی ہدایت کریں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ اکتوبر میں کارکنان پر امن طور پر اسلام آباد کا رخ کریں۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے غریب عوام کا جینا محال کردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ تاجر، وکلا، مزدور سمیت کوئی بھی شخص اس نا اہل حکومت سے خوش نہیں۔ انہوں نے کہاکہ اکتوبر کے مہینے میں باہر نکل کر عوام اس سلیکٹیڈ حکومت کو انکا آئینہ دیکھائے گی۔