لاہور29 اگست:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ کل پوری قوم کشمیریوں سے محبت اور یکجہتی کا بھرپور اظہار کرے گی اوروزیراعظم عمران خان کی اپیل پر کل کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے عوام باہر نکلیں گے۔نہتے کشمیری عوام پر بھارتی مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتے۔ مودی سرکارکومقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کی تاریخی غلطی کا خمیازہ بھگتناہوگا۔افسوس کا مقام ہے کہ مقبوضہ کشمیر آگ میں جل رہا ہے اوردنیا خاموش ہے۔انہوں نے کہا کہ
بھارت نے کشمیری عوام کو تمام بنیادی انسانی حقوق سے محروم کررکھا ہے اورمسلسل کرفیو کے باعث مقبوضہ کشمیر کے عوام اشیائے ضروریہ اور ادویات کیلئے ترس رہے ہیں لیکن بھارت نے اپنی ہٹ دھرمی کے باعث لاکھوں انسانوں کی زندگیاں اجیرن بنا دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے آزادی کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں اورکشمیری عوام کی تاریخی جدوجہد بہت جلد کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی سرکار کی نام نہادجمہوریت کاپردہ چاک ہوچکا ہے۔پاکستان کو کوئی کشمیر سے جدا نہیں کرسکتا۔ہمارا جینا مرنا اور دکھ سکھ سانجھے ہیں اورمظلوم کشمیری عوام کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور گورنر پنجاب فیصل چوک میں یوم یکجہتی کشمیر پر لوگو ں کے ہمراہ اکٹھے ہوں گے:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی زیرصدارت آج گورنر ہاؤس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب میں کل کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی منانے کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پورے پنجاب میں کل 12 بجے دوپہر کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور طریقے سے یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔لاہور میں مال روڈ کے 3مقامات فیصل چوک، ریگل چوک اور سول سیکرٹریٹ چوک پر لوگ جمع ہوں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب اور گورنر پنجاب فیصل چوک میں یوم یکجہتی کشمیر پر لوگو ں کے ہمراہ اکٹھے ہوں گے۔ یوم یکجہتی کشمیر پر پاکستان اور کشمیر کے ترانے بجائے جائیں گے
جبکہ پنجاب کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز، اضلاع اور تحصیلوں میں بھی دوپہر 12 بجے لوگوں کے اجتماعات ہوں گے اور تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات بھی بھرپور طریقے سے یوم یکجہتی کشمیر منائیں گے۔جمعہ کے اجتماعات کے بعد ریلیاں نکالی جائیں گی اور لوگ ریلیوں میں پاکستان اور کشمیر کے پرچم لے کر شرکت کریں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کل پوری قوم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرے گی۔
انہوں نے اپیل کی کہ عوام یوم یکجہتی کشمیر کے اجتماعات میں بھرپور شرکت کریں۔ ہم کشمیر کے عوام کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ اپنی جدوجہد آزادی میں تنہا نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے۔ گورنر چوہدری محمد سرور نے کہا کہ کشمیری عوام کے ساتھ یوم یکجہتی کشمیر پر بھارتی مظالم کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں گے۔ کشمیر کا مقدمہ ہر فورم پر لڑیں گے۔
صوبائی وزراء محمد بشارت راجہ، میاں اسلم اقبال، رکن پنجاب اسمبلی نذیر احمد چوہان، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، متعلقہ سیکرٹریز، سیکرٹری گورنر، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار بخاری کی ملاقات:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے آج گورنر ہاؤس لاہور میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سید ذوالفقاربخاری نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ اوروزیراعظم کے معاون خصوصی نے
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم اورمسلسل لاک ڈاؤن کے غیر آئینی و غیر قانونی اقدام کی شدید مذمت کی ہے اوردونوں رہنماؤں نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں اورپاکستان کشمیر کے بغیر ادھورا ہے۔پاکستانی اور کشمیری عوام کے دل ایک دھڑکتے ہیں اورپاکستان کی حکومت اور عوام کی تمام تر ہمدردیاں کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔کشمیری عوام کو بھارتی حکومت کے رحم و کرم پر
نہیں چھوڑیں گے۔بھارتی حکومت نے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کرکے سفاکیت کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔مقبوضہ کشمیر میں انسانیت دم توڑ رہی ہے، اقوام عالم کو انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی۔شب ظلمت ختم ہونے کو ہے، کشمیریوں کی آزادی کا سورج ضرور طلوع ہوگا۔کشمیری عوام کی سیاسی،سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کل جمعتہ المبار ک کو باہر نکلیں گے اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی نئی مثال قائم کریں گے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سید ذوالفقاربخاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کیلئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں آواز اٹھائیں گے۔وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کا مقدمہ دنیا کے سامنے مدلل اورجرات مند انداز سے پیش کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر کل ہر شہر سے لوگ باہر نکل کر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کریں گے۔ کشمیری عوام کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔
صوبائی وزراء اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی ملاقات، یوم یکجہتی کشمیرپر عوامی اجتماعات میں بھر پورشرکت کی ہدایت:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے آج گورنر ہاؤس میں صوبائی وزراء اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے صوبائی وزراء اوراراکین اسمبلی کو یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پر عوامی اجتماعات میں بھر پورشرکت کی ہدایت کی اورکہا کہ کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے صوبائی وزراء اوراراکین اسمبلی کل دوپہر 12بجے کے اجتماعات میں بھر پورشرکت کریں اورصوبائی وزراء اوراراکین اسمبلی اپنے علاقوں میں بھی یوم یکجہتی کشمیر پر اجتماعات کا انعقاد کریں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو پیغام دینا ہے کہ کشمیری جدوجہد آزادی میں تنہا نہیں بلکہ پاکستانی قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ مظلوم اوربے بس کشمیری عوام کی جدوجہدکی کامیابی ہی واحد آپشن باقی بچا ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی بھارتی تسلط کے خلاف کشمیری عوام کی مزاحمت بہت جلدثمر آور ہوگی۔بھارت کی ظلم و تشدد کی پالیسی مکمل طورپر ناکام ہوچکی ہے۔ ہرصاحب ضمیر بھارتی بھی مودی سرکار کے غیر جمہوری اور گھناؤنے اقدام پر شرمندہ ہے۔مقبوضہ کشمیر کے بارے میں بھارت کا تعصب دنیا کے سامنے ایک بار پھر بے نقاب ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے تمام اخلاقی، سفارتی،سیاسی اوربین الاقوامی قوانین کو پامال کیا ہے۔بھارت ہٹ دھرمی کی تمام حدیں پار کرچکا ہے۔کشمیری عوام کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ محمد جہانزیب خان کھچی، صوبائی وزیر کوآپریٹو مہر محمد اسلم، اراکین قومی اسمبلی احمد حسین ڈاہر، عامر طلال گوپانگ، اراکین صوبائی اسمبلی کرنل (ر) غضنفر عباس شاہ، رانا شہباز احمد، میجر (ر) محمد لطاسب ستی، ام البنین علی اورٹکٹ ہولڈر خرم وٹو شامل تھے۔
غزنوی میزائل کے کامیاب تجربے پر قوم کو مبارکباد:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے غزنوی میزائل کے کامیاب تجربے پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے غزنوی میزائل کے کامیاب تجربے پر مسلح افواج کے سربراہان، سائنسدانوں اور انجینئرز کو بھی مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ غزنوی میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کے سائنسدانوں کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے اور میزائل کے کامیاب تجربے سے دفاعی صلاحیتوں میں ایک اور سنگ میل عبور کیا گیا ہے۔غزنوی میزائل سے پاکستان کی دفاعی صلاحیت مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے باصلاحیت سائنسدانوں اور ا نجینئرز نے قابل فخر کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس پاک فوج دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
تحریک پاکستان کے کارکن و سابق وفاقی وزیر محمد ارشد چوہدری کے انتقال پراظہارتعزیت:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تحریک پاکستان کے کارکن و سابق وفاقی وزیر محمد ارشد چوہدری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔