کراچی(این این آئی)گزشتہ ایک سال کے دوران گھریلو اخراجات میں 17.20 فیصد تک کا ہوشربا اضافہ ہوا،2018 کے مقابلے میں رواں برس بجلی کے گھریلو یونٹ، کھانے پکانے کیلئے گیس، ٹوائلٹ سوپ، شیمپو، ٹوتھ پیسٹ، ٹیلکم پاڈر، واشنگ سوپ اور ادویات کی قیمتیں کئی گنا بڑھ گئیں، جس کے نتیجے میں کم آمدنی والے طبقے کی جیب پر24.87 فیصد کااضافی بوجھ پڑا جبکہ درمیانی انکم والے افراد کو گھریلو اخراجات کی مد میں 19.65 فیصد اور زیادہ آمدنی والے
متمول لوگوں کو بھی رواں برس گھر چلانا 17 فیصد تک مہنگا پڑا۔کنزیومر پرائس انڈیکس(سی پی آئی)کے اعداد و شمار پر مبنی تازہ سروے رپورٹ کے مطابق ہاس ہولڈ ایکسپنسز کی مد میں 109.47 فیصد تک کا اضافہ ہوا، گھریلو اخراجات میں بجلی کا یونٹ (700یونٹس تک) 2018 میں 16 روپے کا تھا جو بڑھ کر 17 روپے 60 پیسے کا ہو گیا، اسی طرح کھانا بنانے کیلئے گیس کا بل 264 روپے سے 109.47 فیصد بڑھ کر 553 روپے ہو گیا۔