اسلام آباد (این این آئی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہندوستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے یکطرفہ اقدامات کے بعد نہتے کشمیریوں پر شدید مظالم ڈھا رہا ہے، بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیمیں ان بھارتی مظالم کا پردہ چاک کر رہی ہیں، بھارت دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے مقبوضہ کشمیر میں ’فالس فلیگ آپریشن‘ کی طرز کا کوئی ناٹک رچا سکتا ہے۔
بدھ کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کویت کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ صباح خالد الحماد الصباح سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اورمقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے یکطرفہ اقدامات کے بعد نہتے کشمیریوں پر شدید مظالم ڈھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے پیش نظر کشمیریوں کے قتل عام کے نتیجے میں ایک نیا انسانی المیہ جنم لیتا دکھائی دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیمیں ان بھارتی مظالم کا پردہ چاک کر رہی ہیں۔وزیر خارجہ نے اپنے کویتی ہم منصب کو آگاہ کیا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے فالس فلیگ آپریشن کی طرز کا کوئی ناٹک رچا سکتا ہے۔وزیر خارجہ نے کشمیر کے مسئلے پر سیکورٹی کونسل، ہیومن رائٹس کونسل اور او آئی سی میں پاکستان کے موقف کی تائید پر کویتی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ کویت، مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے پاکستان کی معاونت جاری رکھے گا۔کویتی وزیر خارجہ نے اس ساری صورتحال سے آگاہ کرنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا اورمقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ممکنہ تعاون کا عندیہ دیا۔