لاہور (آن لائن) محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرم کے دوران اور بالخصوص نویں اور دسویں محرم الحرم کے دوران امن وامان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لئے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں فوج اور رینجر طلب کر لی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ صرف لاہور کے لئے فوج اور رینجرز کی تین تین کمپنیاں طلب کی گئی ہیں اور سب سے زیادہ کمپنیاں راولپنڈی کے لئے طلب کی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاق کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے نویں اور دسویں محرم الحرام کے دوران لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے لیسکو حکام کو جاری کئے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ذوالجناح کے جلوسوں کے روٹ پر بجلی کی تاروں کو ٹھیک کیا جائے۔ اور مجالس اعزاء کے انعقاد پر بجلی کی بحالی کو برقرار رکھنے کے لئے جنریٹروں کا انتظام کیا جائے۔مزید براں محکمہ داخلہ پنجاب نے نویں اور دسویں محرم الحرام پر موبائل فون سروس بند رکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ داخلہ نے ضروری ہدایات پر مبنی پی ٹی سی ایل کو بھی مراسلہ جاری کر دیا ہے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فیصلے کے مطابق ذوالجناح کے مرکزی جلوس کے روٹ پر 24 گھنٹے اور دیگر چھوٹے بڑے جلوسوں کے روٹ پر چودہ چودہ گھنٹے موبائل فون سروس بند رکھی جائے گی جبکہ محکمہ داخلہ پنجاب نے ذوالجناح کے جلوسوں کے روٹس کی فضائی مانیٹرنگ کے لئے چار ہیلی کاپٹرز بھی مانگ لئے ہیں۔