اسلام آباد(آن لائن)وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ترکی کے وزیرخارجہ میولت کاوس اولو سے آج ٹیلی فون پرگفتگو کی اور انہیں پانچ اگست دوہزار انیس کو غیرقانونی اور یک طرفہ بھارتی اقدامات کے نتیجے میں بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیرخارجہ نے زوردیا کہ بھارتی اقدامات نہ صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور
عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے خطے میں امن وسلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہوچکے ہیں۔ وزیرخارجہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں خاص طورپر انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے اور لاکھوں کشمیریوں کے غیرانسانی لاک ڈاون کو اب تین ہفتے ہوگئے ہیں۔ انہوں نے زوردیا کہ صورتحال متقاضی ہے کہ فی الفور کرفیو اٹھایا جائے، نقل وحرکت وپرامن اجتماع پرعائد پابندیاں ختم کی جائیں اور سیاسی قیدیوں کورہا کیاجائے۔ وزیر خارجہ نے ترکی کی جانب سے تمام معاملات بالخصوص جموں وکشمیر کے تنازعہ پر پاکستان کے اصولی موقف کی بھرپور حمایت پر ترک وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے ہر موقع پر کشمیر کے مسئلہ پر بھرپور حمایت کرنے پر صدر رجب طیب اردوان کے لئے بھرپور خراج تحسین کا پیغام بھی دیا۔ ترک وزیر خارجہ نے پاکستان اور جموں وکشمیر کے عوام کے لئے ترکی کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ ترکی کشمیری عوام کے حقوق کوشرمندہ تعبیر کرنے کے لئے ان کے ساتھ یک جہتی جاری رکھے گا۔ دونوں وزراء خارجہ نے باہمی اعتماد اور قومی مفادات پر ایک دوسرے کی پختہ حمایت کی بنیاد پر پاکستان اور ترکی کے غیرمعمولی تعلقات کا اعادہ کیا۔