اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارت کیلئے فضائی حدود بند کرنے کے حوالے سے سنجیدہ مشاورت شروع ہوگئی ہے اور آئندہ 48 گھنٹوں میں اس بارے میں فیصلہ کرلیا جائے گا۔وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ کابینہ میٹنگ میں بھارت کیلئے پاکستانی فضائی حدود بند کرنے کے حوالے سے مشاورت کی گئی، فضائی حدود کی بندش کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تاہم اس بارے میں
حتمی فیصلہ اگلے 48 گھنٹے میں کیا جائے گا۔وفاقی وزیر برائے ہوابازی نے کہا کہ بھارت کیلئے پاکستان کی فضائی حدود کی بندش کا فیصلہ تمام قوانین پر غور کرنے کے بعد کیا جائے گا۔خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپنے ایک ٹویٹ میں بتایا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان انڈیا پر پاکستانی فضائی حدود کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنے اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کیلئے زمینی راستے کی فراہمی معطل کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔