لاہور(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں،سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی لگ بھگ ایک ارب روپے کے اثاثوں کی مالک ہیں۔نیب کے خط پر مختلف محکموں نے مریم نواز کے اثاثوں سے متعلق معلومات نیب کو بھجوائی ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع سے حاصل ہونے والی دستاویزات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی کروڑں روپے مالیت کی 1106 کنال اراضی کی مالک ہیں۔
چھ سے زائد کمپنیوں کے علاوہ چوہدری شوگر مل، حمزہ اسپننگ مل اور محمد بخش ٹیکسٹائل ملز کی بھی شراکت دار ہیں۔ مریم نواز کے پاس حدیبیہ پیپر مل اور حدیبیہ انجینئرنگ کے شیئرز بھی موجود ہیں۔مریم نواز نے اپنے بھائی حسن نواز سے 3کروڑروپے اورسوفٹ انجری لمیٹڈ سے 70 لاکھ روپے قرض بھی لے رکھا ہے۔ لیگی رہنما کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر کے شریف فیملی کی فلور مل میں 34لاکھ 62ہزار 500روپے کے شیئرز بھی ہیں۔