واشنگٹن( آن لائن )امریکہ اور جاپان کے درمیان تجارتی مذاکرات کامیاب معاملات طے پا گئے ۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکہ سے تجارتی مذاکرات کے انچارج جاپانی وزیر توشی میتسو موتیگی اور امریکی نمائندہ تجارت رابرٹ لائٹ ہائزر نے واشنگٹن میں ملاقات کے دوران مفاہمتی یاداست پر اتفاق کیا گیا ہے۔اس معاہدے کے مطابق جاپان امریکی زرعی اجناس پر اسی حد تک محصولات عائد کرے گا جس کا اطلاق بحرالکاہل کے آرپار شراکتداری سمجھوتے ٹی پی پی کے ارکان پر ہوتا ہے۔ جاپان
امریکی بیف اور پورک پر محصولات ٹی پی پی کی سطح تک کم کر دیگا لیکن مکھن اور سکِم ملک کا نیا کوٹہ مقرر نہیں کرے گا۔ جاپان نے اس طرح کے کوٹے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ٹی پی پی کی حدود سے متجاوز ہے۔امریکہ جاپان کی کئی طرح کی صنعتی مصنوعات پر محصولات ختم کر دے گا تاہم جاپانی موٹر گاڑیوں پر محصولات برقرار رکھے جائیں گے کیونکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جاپان سے امریکی تجارتی خسارے کو مسئلہ سمجھتے ہیں۔ اس لیے آٹوموبائل پر بات چیت جاری رہے گی۔