راولپنڈی (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی ، مرکزی جنرل سیکریٹری عامر محمود کیانی ، وفاقی وزیر نعیم الحق ، مرکزی نائب صدور زاہد کاظمی اور عمر سرفراز چیمہ نے نو منتخب مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات ساجد علی قریشی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ساجد علی قریشی کو مرکزی عہدے کی ذمہ داریاں دینے سے ثابت ہو گیا ہے کہ تحریک انصاف میں اقرباء پروری کی کوئی گنجائش نہیں اور میرٹ کی بالادستی
ہماری جماعت کا پہلا اصول ہے ۔ انہوں نے ساجد علی قریشی کو الگ الگ مبارکبادی پیغامات میں اس امید کا اظہار کیا کہ ساجد علی قریشی نے جس طرح نچلی سطح پر کسی لالچ کے بغیر پارٹی کاز کیلئے کام کیا ہے وہ اسی طرح مرکز کی سطح پر بھی اپنی ذمہ داریاں بہ احسن نبھائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ساجد علی قریشی مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات کے عہدے کیلئے انتہائی موزوں تھے اور پارٹی قیادت نے انہیں یہ ذمہ داری دے کر کارکنوں کے حوصلے بلند کر دئیے ہیں ۔