کراچی (این این آئی)روپے کے مقابلے ڈالر کی قدرمیں کمی کا سلسلہ جاری،یوروبھی مزید سستا، گذشتہ ایک ہفتے کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر158روپے سے کم ہو کر157روپے جبکہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر 159روپے سے گھٹ کر157روپے کی سطح پر آگئی۔فاریکس ایسوسی ایشن کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں 95پیسے کی کمی واقع ہوئی
جس سے ڈالر کی قیمت خرید158.70روپے سے کم ہو کر157.75روپے اور قیمت فروخت158.80روپے سے کم ہو کر157.85روپے ہو گئی۔زیر تبصرہ مدت میں یورو کی قدر میں 1روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے یورو کی قیمت خرید174.50روپے سے کم ہو کر173.50روپے اور قیمت فروخت176.50روپے سے کم ہو کر175.50روپے پر آ گئی تاہم25پیسے کے اضافے سے برطانوی پونڈ کی قیمت خرید190.75روپے سے بڑھ کر191روپے اور قیمت فروخت192.75روپے سے بڑھ کر193روپے پر جا پہنچی۔ایسوسی ایشن کے مطابق گذشتہ روز یعنی ہفتہ کو مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کی قدر مستحکم رہی جبکہ یورو کی قدر میں 75پیسے کا اضافہ ہوا تاہم برطانوی پونڈ کی قدر مستحکم رہی۔ ہفتہ کو عالمی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونا32ڈالر مہنگا ہو کر1582ڈالر فی اونس ہو گیا جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں 1ہزار سے زائد روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونے کی قیمت میں 1450روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ایک تولہ سون کی قیمت88ہزار550روپے پر جا پہنچی اسی طرح1243روپے کے اضافے سے دس گرام سونے کی قیمت75ہزار917روپے ہو گئی۔صرافہ ایسوسی ایشن کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے کے دوران عالمی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونا84ڈالر مہنگا ہوا تاہم ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونا550روپے جبکہ دس گرام سونا478روپے مہنگا ہو گیا۔