نارنگ منڈی (این این آئی)لاہور سے نارووال جانے والی مسافرٹرین میں سیٹ کے تنازعہ پر شدید ہنگامہ ہو گیا اور نارنگ منڈی ریلوے اسٹیشن میدان جنگ بن گیا، شر پسندوں نے ایک گھنٹے تک مسافر ٹرین کو یرغمال بنائے رکھا،
ویکیوم پائپ توڑ ڈالے،مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔بتایا جاتا ہے کہ 209اپ مسافر ٹرین جب لاہور سے نارووال کے لئے روانہ ہوئی تو سیٹ پر بیٹھے بدو ملہی جانے والے ایک مسافر حسن فاروق سے ایک شخص کا سیٹ کے حصول کے لئے جھگڑا طول پکڑ گیا جس نے اپنے ساتھیوں کو موبائل فون کے ذریعے نارنگ ریلوے سٹیشن پر بلایا۔مذکورہ ٹرین نارنگ منڈی ریلوے اسٹیشن پر رکی توملزمان نے حسن فاروق کو کر ٹرین کے اندر ہی وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا اوربعد ازاں ٹرین سے اتار کر پلیٹ فارم پر للکارے مارتے اورگھسیٹتے ہوئے تشدد کرتے رہے۔اس دوران ٹرین ڈرائیور اور گارڈز نے ٹرین کو چلانے کی کوشش کی تو 15سے زائد ملزمان نے للکارے مارتے ٹرین کے ویکیوم پائپ توڑ ڈالے اور ٹرین کو ناکارہ بنا دیا -اس دوران مسافر حسن فاروق زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ریلوے پلیٹ فارم پر خون میں لت پت بیہوش ہو گیا۔ اس سارے واقعہ کے دوران ریلوے پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی نہ کی گئی۔ایک گھنٹہ تک نارنگ منڈی ریلوے اسٹیشن میدان جنگ کا نقشہ پیش کرتا رہا۔ریلوے پولیس نے پندرہ نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم کوئی ملزم گرفتار نہیں ہو سکا۔