پیرس(آن لائن) فرانس کے صدر امانوئیل مکخواں نے پاکستان اور بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کا حل دو طرفہ مذاکرات کے ذریعے تلاش کریں۔ فرانس کی ساری توجہ اس جانب مبذول ہے کہ مقبوضہ وادی کشمیر میں شہری آبادی کے حقوق کا تحفظ ہو اور ان کے مفادات پہ ضرب نہ لگے غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق فرانس کے صدر نے یہ بات چیت بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کے دوران کی۔ انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو زور دے کر کہا کہ مسئلہ کشمیر دو طرفہ بنیادوں پر حل کیا جائے۔
اس ضمن میں فریقین پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ حالات کو خراب ہونے سے بچائیں کیونکہ اس سے کشیدگی میں اضافہ ہوگا۔ امانوئیل مکخواں نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے وہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان سے بھی بات چیت کریں گے۔فرانس اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مستقل رکن ہے اور بھارت اس کا دفاعی ساز و سامان کا بڑا خریدار ہے لیکن گزشتہ دنوں جب سلامتی کونسل کا اجلاس مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ہوا تو اس نے بھارت کی قطعی حمایت نہیں کی جو عالمی سیاسی مبصرین کے لیے خوشگوار حیرت کا سبب تھی۔