کراچی(این این آئی)سندھ ہائیکورٹ نے گیم شو میں کار جیتنے والے کو انعام نہ دینے سے متعلق درخواست پر پیمرا سے تحریری جواب طلب کرلیا۔جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس آغا فیصل ہر مشتمل دو رکنی بینچ کھ روبرو نجی ٹی وی کے گیم شو ایسے چلے گا کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ پیمرا کے وکیل نے موقف دیا کہ ماہ رمضان کے دوران کسی کوئز شو کی اجازت نہیں ہے۔ درخواستگزار امیر الحسن کے وکیل عثمان فاروق ایڈوکیٹ نے موقف
دیا کہ گزشتہ رمضان کے دوران یہ گیم شو منعقد کیا گیا۔ پروگرام میں کار دینے کا اعلان کیا گیا مگر نجی ٹی وی مسلسل ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے۔ شو ایسے چلے گا میں صرف لوگوں کو بلا کر بیوقوف بنایا جاتا ہے جیتنے والوں کو کچھ نہیں ملتا۔ پیمرا کو نجی ٹی وی کیخلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے موقف سننے کے بعد پیمرا سے تحریری جواب طلب کرتے ہوئے گیم شوز اور کوئز شوز کے حوالے سے مکمل پالیسی بھی طلب کرلی۔