لاہور(این این آئی) منشیات برآمدگی کے الزام میں گرفتار رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ میرے خلاف فرضی کہانی بنائی گئی،وہ ویڈیو کدھر ہے جس کا ذکر کیا جارہا تھا، تھانے جانے تک میرے ساتھ کوئی بات نہیں ہوئی اور اگلے روز کہہ دیا گیا کہ آپ سے 15کلو ہیروئن برآمد ہوئی ہے، انہیں اپنے فراڈ کو ثابت کرنے کے لئے مرضی کا جج چاہیے۔
عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ ویڈیو کے بارے شہریار آفریدی نے دعویٰ کیا تھا کہ منشیات برآمدگی کا ثبوت اس میں موجود ہے،یہ ویڈیو کی بات کرتے ہیں میں انہیں کہتا ہوں کہ مدعی میجر عزیز اللہ کی گاڑی میں میر ے ساتھ بیٹھنے یا بات کرنے کی کوئی تصویر دکھا دیں جس میں وہ مجھ سے کوئی سوال کر رہا ہو کہ ہم نے آپ کی گاڑی سے کوئی برآمدگی کی ہے۔ مجھے پکڑا گیا اور وہاں سے تھانے لے آئے اور یہاں بھی ایک لفظ گفتگو نہیں کی گئی۔ اگلے روز کہہ دیا گیا کہ آپ سے 15کلو ہیروئن برآمد ہوئی ہے۔چالان پیش کر کے اپنی مرضی کا متن لکھ لیا گیا ہے او رمیر ابیان ہی نہیں لیا گیا۔بتایا جائے وہ ویڈیو کہاں ہے جس میں اس کے ثبوت تھے۔ میرے اعترافی بیان کی بھی فرضی کہانی ہے، اب ان کو اپنے فراڈ کو ثابت کرنے کے لئے مرضی کا جج چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انشا اللہ ہم سر خرو ہوں گے او راللہ تعالیٰ ان کے جھوٹ کو ایکسپوز کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی پارٹی،لیڈر نواز شریف اور شہباز شریف کے ساتھ ہوں، پہلے میں سو فیصد تھا اب میں ایک ہزار فیصد ساتھ ہوں۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو گی۔مریم نواز کا استقبال کرنے پر فیصل آباد کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔