ریاض (این این آئی)سعودی عرب کی حکومت کا کہنا ہے کہ رواں سال ماضی کی نسبت زیادہ مسلمانوں نے عمرہ ادا کیا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال عمرہ سیزن میں 80 لاکھ سے زائد مسلمانوں نے عمرہ کی سعادت حاصل کی۔عرب ٹی وی کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سعودی عرب کی طرف سے عازمین حج اور عمرہ کے لیے فراہم کردہ خدمات کو عالم اسلام کی طرف سے سراہے جانے اور سعودی عرب پر اعتماد کااظہار کرنے پرمسلمان ممالک کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر سعودی وزیر مملکت اور قائم مقام وزیر
اطلاعات ڈاکٹر عصام بن سعد بن سعید بے بتایا کہ رواں سال 8ملین سے زاید مسلمانوںنے عمرہ کی سعادت حاصل کی۔ ان کاکہنا تھاکہ رواں سال کے جاری حج سیزن میں پوری دنیا سے 20 لاکھ سے زائد فرزندان توحید فریضہ حج ادا کریں گے۔ انہوں نے قطر کی طرف سے اس دعوے کو سختی سے رد کردیا جس میں کہا گیا تھا کہ سعودی عرب قطری عازمین حج وعمرہ پر مشاعر مقدسہ میں آمد کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ قطر کا یہ دعویٰ حقیقت کے برعکس ہے۔ سعودی عرب کے تمام ادارے قطر سمیت تمام مسلمان ممالک کے شہریوںکے عمرہ کی ادائی میں ہر ممکن تعاون کررہے ہیں۔