لیڈز (نیوزڈیسک) نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن مک کلم نے ٹیسٹ کیریئر میں چھ ہزار رنز مکمل کر لئے ہیں۔ وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے سٹیفن فلیمنگ کے بعد دوسرے کیوی بیٹسمین ہیں۔ نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن مک کلم نے انگلینڈ کے خلاف ہیڈنگلے لیڈز میں جاری دوسرے ٹیسٹ میں اکتالیس اور پچپن رنز سکور کئے۔ دوسری اننگ میں جب انہوں نے سینتالیسواں رن سکور کیا تو ٹیسٹ کرکٹ میں ان کے چھ ہزار رنز مکمل ہو گئے۔ وہ سابق کپتان سٹیفن فلیمنگ کے بعد چھ ہزار سے زائد رنز اسکور کرنے والے دوسرے کیوی بیٹسمین ہیں۔ سٹیفن فلیمنگ نے ایک سو گیارہ ٹیسٹ میں سات ہزار ایک سو بہتر رنز اسکور کئے جس میں نو سینچریز اور چھیالیس ففٹیز شامل ہیں۔ فلیمنگ کا بہترین سکور دو سو چوہتر رنز ہے۔ برینڈن مک کلم نے چورانوے ٹیسٹ میں چھ ہزار آٹھ رنز گیارہ سنچریز اور انتیس ففٹیز کی مدد سے سکور کئے۔ ان کا بہترین سکور تین سو دو رنز ہے۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں ٹرپل سنچری بنانے والے نیوزی لینڈ کے واحد بیٹسمین ہیں۔