اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم سٹیزن پورٹل پر نامکمل کوائف رکھنے والے مشکوک افراد کو بلاک کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایاکہ پورٹل ٹیم کی جانب سے شہریوں کی شکایات حل کرانے کے ساتھ ساتھ اس پر مشکوک ممبران پر بھی نظر رکھی جائے گی۔بتایا گیا کہ پورٹل پر ایسے افراد کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے جن کا شناختی کارڈ نمبر، موبائل نمبر اور گھر یا دفتر کا پتہ اصل کوائف سے مماثلت
نہیں رکھتا، انتظامیہ کی جانب سے ایسے لوگوں کو بلاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پورٹل ٹیم کو خدشہ ہے کہ مشکوک ممبرز سرکاری افسروں یا اداروں کو بلیک میل کرسکتے ہیں، اس تناظر میں پہلے مرحلے میں ان ممبرز کو تنبیہ کی جائے گی کہ وہ 20 دن میں اپنے اصل کوائف ظاہر کریں۔کوائف کی تصدیق نہ ہونے یا موبائل، شناختی کارڈ اور پتہ غلط لکھنے والوں کو کسی بھی وقت بلاک کر دیا جائے گا۔