کراچی(این این آئی)وفاقی حکومت کی ہدایت پرایف بی آرنے کراچی میں گھروں کا سرکاری رینٹ مقررکرنے اوراس پرٹیکس کے نفاذ کے لیے پراپرٹی سروے شروع کردیا ہے،جائیداد کی خریداری کے لیے لین دین پربھی 20 فیصد ٹیکس کے نفاذ کے لیے اقدامات شروع کردیے ہیں۔ وفاقی حکومت کی ہدایت پر ایف بی آر
کراچی سمیت صوبے بھرمیں ان ایکشن ہے پہلے مرحلے میں کراچی میں کرائے کے گھروں کے لیے رینٹ کی سرکاری شرح مقررکرنے کے لیے کام شروع کردیا ہے جس کے بعد مالک جائیداد اپنے گھر،بنگلوز،مکان اورفلیٹ مقررہ سرکاری قیمت پرکرائے پردے سکیں گے اورسرکاری ریٹ کے حساب سے ان پرٹیکس کا بھی نفاذ ہوگا، ایف بی آرکے ذرائع کے مطابق کرائے پردیے جانے والے مکان کے مالک کو 17 سے 25 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا اسی طرح کراچی میں ایک نام پرایک سے زیادہ گھر، پلاٹ، اپارٹمنٹ، بنگلہ خریدنے والے کو بھی 10 سے 20 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔اسٹیٹ ایجنسی کے قیام کے لیے بھی ایف بی آرنے تین برس کے لائسنس کی فیس پچاس ہزارروپے مقررکرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اسٹیٹ ایجنسیوں کو مانیٹر کر کے سالانہ اسٹیٹ ایجنسی کی کمائی پر 25 فیصد ٹیکس کے نفاذ کے لیے اقدامات شروع کردیے ہیں۔علاوہ ازیں کراچی میں گھر بنگلہ پلاٹ فروخت کرنے والے پرپانچ فیصد ٹیکس کے نفاذ کی تجویز ہے۔ اس سلسلہ میں ایف بی آر نے مکان دیگرجائیداد مالکان کو نئے قوانین کے تحت لانے کے لئے کراچی کے تمام تھانوں سے رسائی مانگ لی ہے۔