اسلام آباد (این این آئی) سپریم کورٹ آف پاکستان نے نجی سکولوں کی فیسوں میں اضافے سے متعلق فیصلہ سناتے ہوئے کہاہے کہ سکولز فیس میں اضافہ سالانہ پانچ فیصد ہی ہوگا۔ بدھ کو سپریم کورٹ کے جج مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن نے فیصلہ پڑھ کر سنایا۔ سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا کہ سکولز فیس میں اضافہ سالانہ پانچ فیصد ہی ہوگا۔فیصلے میں نجی سکولز کے حق میں آنے والا لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا گیا ،سپریم کورٹ نے سندھ ہائی کورٹ فل بنچ کا
فیصلہ برقرار رکھا ،عدالت نے فیسوں میں بیس فیصد کمی سمیت تمام عبوری حکم بھی واپس لے لیے۔عدالت نے نجی سکولز کو فیس کمی سے لیکر آج تک کم شدہ فیس بطور بقایاجات لینے سے روک دیا۔ عدالت نے کہاکہ نجی سکولز کو قانون کے مطابق ہی فیس وصول کر سکتے ہیں۔ عدالت نے کہاکہ چھ سے آٹھ فیصد تک اضافے کیلئے سکولز کو جواز پیش کرنا ہوگا۔تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔جسٹس فیصل عرب نے فیسوں میں پانچ فیصد اضافے کی حد سے اختلاف کیا۔