اسلام آباد (این این آئی) وفاقی حکومت نے بجلی استعمال کرنے والوں کو سبسڈی کے لئے 200 ارب روپے مختص کر نے کی تجویز پیش کر دی۔ وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے بتایاکہ کم بجلی استعمال کرنے والوں کو سبسڈی کے لئے 200 ارب روپے مختص کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے غربت کے خاتمے کے لئے ایک نئی وزارت قائم کی ہے جو ملک میں سماجی تحفظ کے پروگرام بنائے گی۔ دس لاکھ مستحکم افراد کو صحت مند خوراک فراہم کرنے کے لئے ایک نئی راشن کارڈ سکیم شروع کی جارہی ہے۔ ماؤں اور نوزائیدہ بچوں
کو خصوصی صحت مند خوراک مہیا کی جائے گی۔ 80 ہزار مستحکم لوگوں کو ہر مہینے بلاسود قرضے دیئے جائیں گے۔ 60 لاکھ خواتین کو ان کے اپنے سیونگ اکاؤنٹ میں وظائف کی فراہمی اور موبائل فون تک رسائی دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ 500 کفایت مراکز کے ذریعے خواتین اور بچوں کو فری آن لائن کورسز کی سہولت دی جائے گی۔ معذور افراد کو وہیل چیئر اور سننے کے آلات فراہم کئے جائیں گے۔ وزیر مملکت برائے ریو نیو حماد اظہر نے کہاکہ تعلیم میں پیچھے رہ جانے والے اضلاع کے لئے بچے سکول بھیجنے کے لئے خصوصی ترغیبات دی جائیں گی۔