اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اپنے اثاثے ظاہر کرنے کی سکیم سے فائدہ اٹھا کر ملک کو پاؤں پر کھڑا کرنے ، لوگوں کو غربت سے نکالنے اور اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے میں مدد دیں جب تک ہم ٹیکس نہیں دینگے ہمارا ملک اوپر نہیں جا سکتا، بے نامی اثاثے، بینک اکاؤنٹس اور باہر پڑا پیسہ ظاہر کرنے کا 30 جون تک وقت ہے۔ اس کے بعد موقع نہیں ملے گا۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں بہت اہم فیصلے کر لیے گئے ہیں ۔ اجلاس میں مالی سال 2019-20 کی بجٹ تجاویز زیر غور آئیں ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سول اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنے اخراجات کم کریں ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اگرفوج اپنے اخراجات کو کم کر سکتی ہے تو تمام سوال ادارے کیوں نہیں ؟۔وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کی بیرون ملک جائیدادوں اور بینک اکاؤنٹس کی معلومات کے معاہدے ہو چکے ہیں۔ عظیم قوم بننے کیلئے ہمیں اپنے آپ کو تبدیل کرنا ہوگا۔ پیر کو پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پر قوم کے نام اہم پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پچھلے دس سال میں پاکستان کا قرضہ 6 ہزار ارب روپے سے بڑھ کر 30 ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا اس کا عوام کو یہ نقصان ہوا ہے کہ ہم سالانہ چار ہزار ارب روپے جو ٹیکس جمع کرتے ہیں اس میں سے آدھا یعنی دو ہزار ارب روپے ان قرضوں کی اقساط ادا کرنے پر خرچ ہو جاتا ہے اور باقی بچ جانے والی رقم سے ملک کے خرچے پورے نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی وہ قوم ہیں جو بد قسمتی سے سب سے کم ٹیکس دیتے ہیں لیکن خیرات سب سے زیادہ خیرات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اندر جذبہ آگیا تو ہم سالانہ دس ہزار ارب روپے تک بھی ٹیکس جمع کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم ٹیکس نہیں دیںگے ہمارا ملک اوپر نہیں اٹھ سکے گا۔ بے نامی اثاثے ،
بینک اکاؤنٹس اور باہر پڑا پیسہ ظاہر کرنے کا 30جون تک وقت ہے، سب سے اپیل ہے کہ اثاثے ظاہر کرنے کی سکیم میں شرکت کریں ۔ بے نامی اکاؤنٹس اور بے نامی اثاثوں اور بیرون ملک پاکستانیوں کی جائیدادوں کی معلومات آ رہی ہیں اور اس سلسلے میں معاہدے بھی ہوئے ہیں۔ ہماری حکومت کے پاس وہ معلومات ہیں جو پہلے کسی حکومت کے پاس نہیں تھیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ
جب تک کوئی قوم خود کوشش نہ کرے اللہ تعالیٰ اس کی حالت نہیں بدلتا ، اثاثے ظاہر کرنے کی سکیم سے فائدہ اٹھائیں اور ملک کو فائدہ دیں اور اپنے بچوں کا مستقبل محفوط بنائیں ، موقع دیں کہ ہم ملک کو پاؤں پر کھڑا کریں اور لوگوں کو غربت سے نکالیں۔