اسلام آباد (این این آئی)حکومت نے تاجر برادری خاص طور پر برآمدات کنندگان کی سہولت اورطویل عرصے سے التواء کا شکار ریفنڈ کے مسائل حل کرنے کیلئے سیلز ٹیکس ریفنڈ بانڈز جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایف بی آر نے سنٹرل ڈپازٹری کمپنی کے ذریعے بانڈز جاری کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت وزارت خزانہ میں سی ڈی سی سسٹم کے ذریعے بانڈز جاری کرنے کی تقریب ہوئی ۔
پہلے مرحلے میں سات ارب روپے مالیت کے بانڈز جاری کیے جارہے ہیں۔بانڈز کے اجراء سے 90دعویدارفائدہ اٹھائیں گے۔اوریہ ان کو جاری کیے گئے ہیں جن کے سنٹرل ڈیپازٹری کمپنی میں اکاونٹس ہیں۔مشیر خزانہ کو بتایا گیا کہ ایف بی اآر جون میں بھی بانڈز جاری کرنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔مشیر خزانہ نے کہا کہ دعویداروں کو بانڈز کے حوالے سے آپشن دیا جائے اوران کے سی ڈی سی اکاونٹس ایف بی آر کوفراہم کیے جائیں۔