کراچی (این این آئی)رواں سال شادی کے بندھن میں بندھنے والی معروف ماڈل اور اداکارہ ایمان علی نے انکشاف کیا ہے کہ کچھ سال قبل وہ ایک جان لیوا مرض کا شکار ہوئیں جس نے ان کی زندگی کو بدل کر رکھ دیا۔ایمان علی نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں انکشاف کیا کہ وہ ایک دہائی قبل ملٹی پل اسکلیروسز (ایسی بیماری جس میں دماغ اور ریڑھ کی ہڈی کے حصے سخت ہوکر رسولی، اعصابی کمزوری اور دیگر کمزوریوں کا باعث بنتے ہیں) کا شکار
ہوئیں اور اب آٹو امیون مرض کے عالمی دن کے موقع پر انہوں نے اس پر بات کی۔انہوں نے لکھا ہوسکتا ہے کہ آپ میں سے چند کو پہلے سے علم ہو کہ میں ملٹی پل اسکلیروسز کے ساتھ زندگی گزار رہی ہوں، یہ اب میری زندگی کا حصہ ہے اور میری طرز زندگی مکمل طور پر بدل چکا ہے۔ میرے بولنے ، چلنے کا انداز، ہر چیز پر اثرات مرتب ہوئے، مگر میں اس سے لڑ رہی ہوں، بالکل اسی طرح جیسے اس مرض کے شکار دیگر مریض لڑتے ہیں۔