لاہور(این این آئی) پنجاب دانش سکول کی سال دوم کی طالبہ نے جدید کینسر ریسرچ کے موضوع پر دی گئی پریزنٹیشن میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور کیش انعام بھی جیتا۔ پنجاب دانش سکول حاصل پو ر گرلز کی طالبہ سعدیہ قادر نے پاکستان سوسائٹی آف کلینیکل آنکالوجی کے زیر اہتمام
منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی اور اینٹی سکن کینسر لوشن پر اپنی ریسرچ کے حوالے سے پریز نٹیشن پیش کی۔ سعدیہ قادر نے بیرون ملک اور ملک بھر سے آئے ہوئے ماہرین اور ریسرچ آنکالوجسٹ کے پریز نٹیشن سے متعلق کئے گئے سوالات کے اطمینان بخش جوابات دئیے۔ شرکاء نے طالبہ کی کاوش کو سراہا اور اسکی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ بہترین ریسرچ پر سعدیہ قادر کو کیش انعام بھی دیا گیا جبکہ کانفرنس کے چیئرمین ڈاکٹر رؤف خٹک نے طالبہ سعدیہ قادر کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے اسے اپنی طرف سے 15ہزار روپے کا انعام دیا۔ صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے طالبہ اور اساتذہ کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ پنجاب حکومت معیاری تعلیمی سہولیات کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی بھی بھر پور حوصلہ افزائی کر رہی ہے تاکہ طلبہ میں اعتماد بڑھے اور انکی صلاحیتوں سے ملک و قوم ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔