کراچی(این این آئی)فرنس آئل کی در آمد کی اجازت کے بعد گزشتہ ماہ اپریل میں پاور سیکٹر میں فرنس آئل کی کھپت میں46فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔انڈسٹری ذرائع کے مطابق اپریل کے دوران بجلی گھروں میں فرنس آئل کی کھپت3لاکھ500 ٹن سے زائد رہی جبکہ مارچ میں پاور سیکٹر میں 2لاکھ6ہزار ٹن سے زائد فرنس آئل استعمال ہوا تھا،حکومت کی جانب سے پی ایس او کو فرنس آئل کی در آمد کی اجازت دینے کے بعد
موسم گرما کے دوران فرنس آئل کی کھپت میں مزید اضافے کا امکان ہے ۔اپریل میں ڈیزل کی کھپت میں بھی13فیصد کا اضافہ دیکھا گیا جو کہ 6لاکھ59ہزار ٹن کی سطح پر رہی جبکہ مارچ میں ڈیزل کی کھپت 5لاکھ83ہزار ٹن سے زائد رہی تھی۔ پٹرول کی کھپت گزشتہ ماہ 5فیصد اضافے سے 6لاکھ92ہزار ٹن سے زائد رہی جبکہ مارچ میں پٹرول کی کھپت6لاکھ58ہزار516ٹن ریکارڈ کی گئی تھی ۔مٹی کے تیل کی کھپت میں بھی گزشتہ ماہ کے دوران اضافہ دیکھا گیا جو کہ 54فیصد کے نمایاں اضافے سے 10ہزار730ٹن رہی جبکہ مارچ کے مہینے میں مٹی کے تیل کی کھپت7ہزار ٹن کے لگ بھگ رہی تھی ،طیاروں میں استعمال ہونے والے ایندھن جیٹ فیول ون اور ایٹ کی کھپت 30فیصد کی نمایاں کمی سے 69ہزار ٹن کے لگ بھگ رہی ،ہائی اوکٹین کی کھپت گزشتہ ماہ2فیصد کمی سے 6311ٹن رہی جبکہ مارچ میں ہائی اوکٹین کی کھپت6458ٹن ریکارڈ کی گئی تھی ۔گزشتہ ماہ لائٹ ڈیزل آئل کی کھپت معمولی کمی سے 2258ٹن رہی جبکہ مارچ میں لائٹ ڈیزل کی کھپت2272ٹن ریکارڈ کی گئی تھی ۔