قاہرہ(این این آئی)مصر کی ایک عدالت نے اخوان المسلمون اور محمد مرسی کی معزولی کیخلاف احتجاج کی پاداش میں 56 شہریوں کو 25 سال تک قید کی سزائیں سنائی ہیں۔ ان لوگوں پر الزام ہیکہ انہوںنے 2013ء کو فوج کی جانب سے اخوان المسلمون کے صدر محمد مرسی کی برطرفی
کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دیئے تھے۔خیال رہے کہ 3 جولائی 2013ء اور 14 اگست 2013ء کو محمد مرسی کی برطرفی کے بعد قاہرہ کے جنوب اور مشرق میں اخوان المسلمون اور صدر محمد مرسی کے حامیوں نے دھرنے دیے تھے جنہیں فوج اور پولیس نے طاقت کا استعمال کرکے منتشر کردیا تھا۔مصری عدالتی ذرائع کے مطابق اخوان کی حمایت میں جنوبی قاہرہ کے النھضہ گرائونڈ میں دھرنا دینے والے متعدد ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ مصری قانون کے تحت عمر قید کی سزا کی مدت 25 سال ہے۔25 ملزمان کو 15 سال، ایک کو تین، اور دو کوایک سال گھرپرنظری بندی جب کہ 10 ملزمان کو بری کردیا۔ سزائیں سنائے جانے کے وقت تمام ملزمان عدالت میںموجود تھے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے مصری عدالتوں کی طرف سے دی جانے والی سزائوں پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان کے خلاف ٹرائل کے دوران شفافیت کا مظاہرہ نہیں کیا گیا۔ کئی ملزمان کو اپنے دفاع کے لیے وکلاء کی خدمات کے حصول کا حق بھی نہیں دیا گیا۔